جھنگ: سانحہ نیوزی لینڈ کی یاد میں کئی ہزار افراد نے مسجد النور کا انسانی ماڈل بنا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
جھنگ میں سفید شلوار قمیض میں ملبوس ہزاروں شہریوں کی جانب سے اس اجتماع کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ مسلمان دہشت گرد نہیں اور اسلام امن کا مذہب ہے۔
اجتماع کی جگہ پر پاکستان اور آسٹریلیا کے جھنڈوں سمیت شہداء کی تصاویر لگائی گئی تھیں۔ شرکاء نے سانحے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں سانحہ کرائسٹ چرچ : شہدا کی تعداد 50 ہوگئی
امن کا یہ اجتماع مسلم انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام کیا گیا جس کا مقصد مسلم دنیا میں امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔
اس سے قبل کرائسٹ چرچ کی مساجد میں حملے کے بعد مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نیوزی لینڈ کے ٹی وی اور ریڈیو پر براہِ راست اذان نشر کی گئی اور شہداء کے احترام میں لوگوں نے ملک بھر میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
واضح رہے نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر 15 مارچ کو دہشتگرد حملے کے نیتجے میں 50 افراد شہید ہوگئے تھے جس میں نو پاکستانی بھی شامل تھے۔