وزیراعظم کا طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کے لیے کھولنے کا اعلان


جمرود: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو طورخم سرحد 24 گھنٹے کیلئے کھولنے کی ہدایت کردی ہے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سرحد کے 24 گھنٹے کھلے رہنے سے علاقے میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا کیونکہ اس کی بندش سے کاروبار متاثر ہوا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ علاقے میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے جبہ اور بارا ڈیم بنائیں گے جس سے کاشتکاری بڑھے گی اور لوگوں کا پانی کا مسئلہ حل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ واٹرسپلائی،بارہ بائی پاس بھی بنائیں گے۔ ان چیزوں کا اعلان کررہاہوں جو کرسکتا ہوں، بجلی اور گیس کی فراہمی کی پوری کوشش کروں گا لیکن وعدہ نہیں کرتا۔  اگلے دس سال تک قبائلی عوام پر100ارب روپے خرچ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں زرداری جیل جارہے ہیں، حکومت کہیں نہیں جارہی، وزیراعظم عمران خان

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا بہت نقصان ہوا، قبائلی علاقوں کے لوگوں کی قربانیوں کا کسی کو اندازہ ہی نہیں ہے۔ قبائلی عوام کو اپنے گھراور کاروبار چھوڑنے پڑے، اب ان سارے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کا یونیورسٹی اور تھری جی کا مطالبہ خوش آئند ہے۔ علاقے کے لوگوں کو تعلیم اور کھیل کے میدان میں آگے لے کرجانا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان جب گورنر ہاؤس پشاور پہنچے تو گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان نے ان کااستقبال کیا۔

وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم عمران خان کے جلسے کے لیے  جمرود اسٹیڈیم میں اسٹیج لگایا گیا جہاں  دس ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں۔ اس موقع پر وفاقی وزراء، گورنر اور وزیرخیبرپختونخوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔


متعلقہ خبریں