پنجاب گیمز2019:ایتھلیٹس ننگے پائوں ریس لگانے پر مجبور

پنجاب گیمز2019:ایتھلیٹس ننگے پائوں ریس لگانے پر مجبور

لاہور: 72ویں پنجاب گیمز کے لیے حکومت نے  کروڑوں  روپے کا بجٹ رکھا ہے مگر  کھلاڑیوں کے لئے ناقص انتظامات کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ایتھلیٹس ننگے پائوں ریس لگانے پر مجبور ہیں۔

گیمز میں ایتھلیٹس کیلئے رہائش اور خوراک کے نامناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں نے شکایت کی ہے کہ پنجاب گیمز میں شامل 15 ایتھلیٹس کو ایک کمرے میں سلایا جارہا ہے۔

ایتھلیٹس نے شکوہ کیا ہے کہ وہ  فرش پر سو رہے ہیں، پنکھا کبھی چلتا کبھی نہیں۔

ایک کھلاڑی نے ہم نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ افتتاحی تقریب کی رات بدبودار کھانا دیا گیا، صبح بخار میں مقابلہ کھیلنے آیا۔

کھلاڑیوں نے کہا وہ  تین دن سے آئے ہوئے ہیں، اب تک صرف ایک دن کے 550 روپے ملے ہیں۔  نہ کٹ دی گئی ہے نہ بھاگنے کیلئے جوتے، ننگے پاؤں دوڑ لگانے پر مجبور ہیں۔

ایتلھیٹس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف کرکٹ ہی نہیں دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دی جائے۔

یہ بھی پڑھیے:8 سال بعد بہترویں پنجاب گیمز کا آغاز

یاد رہے گزشتہ روز بہترویں پنجاب گیمز 2019  کا آغاز ہوا۔ پنجاب گیمزمیں 30 مختلف کھیلوں کے ایک سو اٹھاون مقابلے ہوں گے۔ ان مقابلوں  میںمردوں کی اکیس،  خواتین کی سات اور اسپیشل چلڈرن کی دو گیمز بھی شامل ہیں۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی   نے  گیمز کو نئے دور کا آغاز قرار دیتے  ہوئے یہ نوید بھی سنائی ہے  کہ بہترین کارکردگی  دکھانے والے پلئیرز کو  اولمپکس  میں  شمولیت کا موقع بھی دیا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے چھ اپریل کو اختتامی تقریب میں  عالمی اسپورٹس ڈے برائے امن و ترقی منانے کا بھی اعلان کیا ہے۔  اس موقع پر کھلاڑی سفید کارڈ لہر کر دنیا کو پاکستان کی جانب سے امن، محبت اور بھائےچارے کا پیغام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:پنجاب گیمز میں خواجہ سراؤں کے مقابلے کروانے کا اعلان

پنجاب گیمز میں خواجہ سراوں کے مقابلے کروانے کا اعلان بھی  کیا گیاہے۔
اس مرتبہ پنجاب حکومت کی طرف سے گیمز میں تیسری جنس یعنی خواجہ سراؤں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب نے کہاہے کہ خواجہ سراؤں کو جان لڑانے کیلئے پہلی بار میدان میں موقع دے رہے ہیں،پنجاب گیمز میں رسہ کشی، ون لیگ ریس اور چاٹی ریس کے مقابلے ہونگے۔

ناقص انتظامات پرصوبائی وزیرکھیل کانوٹس

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے پنجاب گیمز میں ناقص انتظامات کا نوٹس لے لیاہے، ان کا کہنا ہے کہ رہائش کی مسائل کا سامنا صرف ہاسٹل میں رہنے والی ایتھلیٹس کو ہے۔

صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ ہوٹل میں رہنے والے کھلاڑیوں کو مسائل کا سامنا نہیں ہے، کھلاڑیوں کے تمام مسائل کوحل کیا جائے گا۔

رائے تیموربھٹی نے ناقص انتظامات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی تفریحی دورے پر نہیں آئے ہوئے،انہیں ڈیلی الاوئنس پہلے دے دئیے جاتے تو مناسب ہوتا۔


متعلقہ خبریں