سرگودھا: برف کے کارخانے سے امونیا گیس کا اخراج، 35 افراد بے ہوش

سرگودھا: برف کے کارخانے سے امونیا گیس کا اخراج، 35 افراد بے ہوش

سرگودھا: برف کے کارخانے سے امونیا گیس کا اخراج ہونے سے تقریباً تین درجن سے زائد افراد بے ہوش ہو گئے ہیں۔ بے ہوش افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق بھلوال کے علاقے کرسچن کالونی میں واقع برف کے کارخانے سے اچانک خارج ہونے والی امونیا گیس کی بھاری مقدار نے 35 سے زائد افراد کو بے ہوش کردیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کے حکام اور امدادی کاموں سے وابستہ اداروں کے اہلکار متاثرہ علاقے میں پہنچے اور انہوں نے حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام بے ہوش افراد کو فوری طور پر قریبی واقع اسپتال منتقل کیا۔

ضلعی انتظامیہ کے احکامات پرمقامی اسپتال میں فوری طور پر ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا اور متاثرین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ہم نیوز نے اسپتال انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ تمام متاثرین روبصحت ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

علاقہ پولیس کو ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ برف کا کارخانہ عرصہ دراز سے بند پڑا تھا اور پرانی مشینری سے گیس کا اخراج ہوا ہے۔

پولیس ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ برف کے کارخانے کے مالک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں