تحریک انصاف کے میگا پراجیکٹ بی آر ٹی میں بے قاعدگیوں کا انکشاف


پشاور: خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف حکومت کے سب سے بڑے پراجیکٹ میں انسپکشن ٹیم نے منصوبے میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کی تصدیق کردی ہے۔

اس حوالے سے بی آر ٹی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ ہم نیوز نے حاصل کر لی جس کے مطابق تحریک انصاف حکومت کے سب سے بڑے پراجیکٹ میں غریب عوام کے  ٹیکس کے پیسے کو بی آر ٹی پر ضائع کیا گیا۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بی آر ٹی کی ناقص منصوبہ بندی کی گئی اور اس کے ڈیزائن پراجیکٹ کے کام میں بھی غفلت برتی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کی فیزیبیلیٹی اسٹڈی، نکاسی آب، جیو ٹیکنکل رپورٹ، ہائی وے رپورٹ، ساخت رپورٹ، ٹریفک، یوٹیلیٹی رپورٹ میں خامیوں کے باعث منصوبے میں تبدیلیاں کی گئیں اور اس کی تکمیل میں عوامی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی کی ناقص منصوبے کی وجہ سے پشاور شہر کا ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، ریچ تھری میں یونیورسٹی روڈ اور بورڈ کے واک اوے متاثر ہوئے ہیں اور سگنلز سے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق پی سی ون میں شور اور شہریوں کی نجی آذادی کا خیال نہیں رکھا گیا اور پی سی ون میں پیدل راہگیروں کیلئے کوئی گزر گاں بھی نہیں رکھی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ بی آر ٹی کے اسٹیشنز پر بنائے گئے باتھ رومز انتہائی ناقص اور غیر معیاری تعمیر کا نمونہ ہیں، غیر معیاری منصوبہ سے جگہ جگہ کریک آنے لگے ہیں، کچھ جگہوں پر بائک کا نظام ہے کچھ پر نہیں جو سوالیہ نشان ہے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ کامران رحمان کو عہدے سے ہٹادیا گیا

خیبرپختونخوا حکومت نے انسپکشن ٹیم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سیکرٹری ٹرانسپورٹ کامران رحمان کو عہدے سے الگ کردیا ہے، حکومت کی جانب سے رپورٹ سامنے آنے کے بعد یہ کارروائی منصوبے میں  بے قاعدگیوں کی تصدیق کرتی ہے۔


متعلقہ خبریں