بھارت: سٹیلائیٹ شکن میزائل کا پہلا ٹیسٹ ناکامی سے دوچار ہوا

بھارت:سٹیلائیٹ شکن میزائل کا پہلا ٹیسٹ ناکامی سے دوچار ہوا تھا

اسلام آباد: نفرت اور انتہاپسندی کی سیاست کو اپنا ’محور‘ قرار دینے والی مودی سرکار کے ایک اور ’راز‘ کا پردہ فاش ہوگیا ہے جس کے تحت بھارت کے سٹیلائیٹ شکن میزائل  کا پہلا ٹیسٹ ناکامی سے دوچار ہوا تھا۔

یہ انکشاف امریکہ کے مؤقر جریدے ’دی ڈپلومیٹ‘ نے کیا ہے۔

بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی نے 27 مارچ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے خوشخبری سنائی تھی کہ بھارت نے سٹیلائیٹ کو تباہ کرنے کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔

دی ڈپلومیٹ نے انکت پانڈے کی ایک خصوصی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 27 مارچ کے تجربے سے ایک ماہ قبل بھارت نے سٹیلائیٹ تباہ کرنے کی کوشش کی تھی جو ناکامی سے دوچار ہوئی تھی۔

انکت پانڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے سٹیلائیٹ تباہ کرنے کا پہلا تجربہ 12 فروری کو کیا تھا۔ اس مقصد کے لیے بھارت کے مشرقی ساحل کے قریب جزیرہ عبدالکلام سے میزائل فائر کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ٹھوس ایندھن سے چلنے والا یہ میزائل 30 سیکنڈ بعد از خود تباہ ہوگیا تھا اور سٹیلائیٹ تک نہیں پہنچ سکا تھا۔

دی ڈپلومیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے میزائل لانچ کرنے سے قبل امریکہ کو اطلاع دی تھی کہ وہ ایک ہتھیار کا تجربہ کرنے جارہا ہے مگر اس ہتھیار کی تفصیلات فراہم نہیں کی تھیں۔

بھارت کے ناکام تجربے سے امریکی خفیہ اداروں کو اس ضمن میں تفصیلی معلومات مل گئی تھیں کہ بھارت کا تجربہ ناکام رہا ہے۔

27 مارچ کو بھارت نے زمین سے 300 کلومیٹر کی بلندی پر سٹیلائیٹ تباہ کرنے کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا تھا۔ سائنسدانوں کے مطابق بھارتی تجربے سےخلا میں جو ملبہ بکھرا ہے وہ دیگر کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

امریکہ نے اس ضمن میں بھارت پر تنقید بھی کی ہے لیکن یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہے کہ ناکام تجربے کے بعد کیا ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت کو دوسرے تجربے سے روکنے کی کوشش کی تھی یا نہیں؟

یہ بھی پڑھیے:مودی کا خلاء میں انقلاب برپا کرنے کا دعویٰ

بھارت نے ایک دن قبل بھی جاسوس سٹیلائیٹ خلا میں بھیجنے کا دعویٰ کیا ہے جو اس کے مطابق الیکٹرانک ریڈار سگنلز کا سراغ باآسانی لگا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں