سندھ حکومت کا 4 اپریل کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان

سندھ حکومت کا 4 اپریل کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان

کراچی: سندھ حکومت نے سابق وزیراعظم اور بانی پیپلزپارٹی ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں چار اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

سندھ حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام محکموں، خودمختار کارپوریشنز اور بلدیاتی کونسلز میں تعطیل ہوگی۔

واضح رہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی سے لاڑکانہ پہنچ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان اور نواز شریف کی معاشی پالیسیاں ایک ہیں،بلاول بھٹو

سابق وزیراعظم کی برسی کے موقع پر پیپلزپارٹی کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس سے چیئرمین پیپلزپارٹی، سابق صدر سمیت پارٹی کی دیگر قیادت خطاب کرے گی۔

اس بار تقریب کے حوالے سے نظریں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پر لگی ہیں جو ان دنوں حکومت پر شدید تنقید کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو

5 جنوری 1928 کو پیدا ہونے والے ذوالفقارعلی بھٹو سیاسی منظرنامے پر 1958 میں ایوب خان کی کابینہ میں شمولیت سے ابھرے، اسی دور میں وزیر خارجہ بنے اور پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔

30 نومبر 1967 کو پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی جو جلد ہی پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن گئی۔ 1973 کو پہلے منتخب وزیراعظم بنے اور پاکستان کو آئین اور ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا۔

ذوالفقارعلی بھٹو نے 1977 کے عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کی تاہم اپوزیشن نے یہ نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ احتجاجی تحریک کے دوران پانچ جولائی 1977 کو انہیں عہدے سے ہٹا کر ملک میں مارشل لاء نافذ کردیا گیا۔

پیپلزپارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو ایک مبینہ قتل کے مقدمے میں 18 مارچ 1979 کو سزائے موت سنائی گئی اور چار اپریل 1979 کو راولپنڈی میں پھانسی دے دی گئی۔


متعلقہ خبریں