پیرس: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر غیر ملکی صحافی کی دستاویزی فلم فرانسیسی چینل پر نشر کر دی گئی۔ فلم میں بھارتی مظالم کو دکھایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غیر ملکی صحافی کی جانب سے بنائی گئی دستاویزی فلم ’’ وارآن وارآف ورلڈ ‘‘ صبح 4 بجے نشر کی گئی۔ جسے فرانسیسی صحافی پاول کامیٹی نے 18 ماہ میں مکمل کیا۔
دستاویزی فلم کی تمام تر ریکارڈنگ مقبوضہ کشمیر میں ہی کی گئی، جس میں بھارتی فوج کے مظالم کو انتہائی قریب سے فلمایا گیا اور دنیا کے سامنے بھارتی فوج کی حقیقت لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
فلم میں کشمیریوں پر پیلٹ گن اور دیگر انسانیت سوز حربوں کو دکھایا گیا ہے۔
اس دوران فرانسیسی صحافی اور اُن کی ٹیم نے پاکستان کے زیرانتظام آزاد کشمیر کا بھی دورہ کیا اور وہاں کی روز مرہ زندگی کو بھی ڈاکیو منٹری کا حصہ بنایا جہاں کی پرسکون زندگی دیکھ کر فرانسیسی صحافی خود بھی حیرت زدہ رہ گیا۔
فرانسیسی صحافی کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر بنائی گئی دستاویزی فلم کا مقصد وہاں کی موجودہ صورتحال کو دنیا کے سامنے پیش کرنا اور مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانا تھا۔
یہ بھی پڑھیں تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کےلیےبھارت کا نیا ہتھکنڈا
بھارتی فوج نے فلم سازی کے دوران فرانسیسی صحافی کو حراست میں بھی لیا اور پاول کامیٹی اپنی ٹیم سمیت 3 ہفتے تک بھارتی فورسز کی قید میں رہے۔ گرفتاری کے بعد فرانسیسی صحافی کو 5 روزہ ریمارنڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
فرانسیسی صحافی اور اُن کی 8 رکنی ٹیم کو بھارت میں بلیک لسٹ کر دیا گیا جب کہ بھارتی حکام نے فرانسیسی صحافی کی ڈاکیو منٹری کی درخواست کو بھی مسترد کیا۔
مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ماہ مارچ میں 26 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، کشمیر میڈیا سروس
بھارتی فوج کی جانب سے پر امن مظاہرین پر فائرنگ اور شیلنگ کی گئی جس کی وجہ سے 251 کشمیری زخمی ہوئے جب کہ گھروں میں چھاپوں اور کریک ڈاون کے دوران 148 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 51 رہائشی مکانات کو جلا دیا جب کہ 2 موٹر سائیکل سواروں کو بھارتی فوج نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔