وفاقی حکومت نے لاپتہ افراد سے متعلق ٹریول ہسٹری ڈیسک قائم کردیا

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کردیا

کراچی : وفاقی حکومت نے لاپتہ افراد سے متعلق ٹریول ہسٹری ڈیسک بنانے کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے کراچی میں ڈیسک قائم کردیاہے ۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کے معاملے پرٹریول ہسٹری ڈیسک کے قیام کے  بعد  ایف آئی اے کی جانب سے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا گیاہے ۔

ایف  آئی اے کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ ٹریول ہسٹری ڈیسک ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی کے دفتر میں قائم کیا گیاہے۔

خط کے مطابق ٹریول ہسٹری ڈیسک کے قیام کا مقصد عدالتوں میں لاپتہ افراد سے متعلق کیسز سے ہوگاتاہم ٹریول ہسٹری ڈیسک سے دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں بھی مدد لے سکتی ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی اس ڈیسک کے ذمہ دار ہوں گے اور عدالتوں کو مطلوبہ معلومات فراہم کریں گے۔ لاپتہ افراد کے حوالے سے کام کرنے والے  تمام تفتیشی افسران سے کہا گیاہے کہ وہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی سے رابط کریں۔

یہ بھی پڑھیے: لاپتہ افراد کمیشن رپورٹ، جبری گمشدگیوں میں اضافے کا انکشاف

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں لاپتہ افراد کمیشن کی طرف سے ایک رپورٹ بھی جاری کی گئی ۔

کمیشن رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا جبری طور پر لاپتہ افراد کی تعداد 5706 ہو گئی ہے۔

لاپتہ افراد کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمیشن کو گزشتہ سال دسمبر کے دوران لاپتہ افراد کے 98 نئے کیسز موصول ہوئے جبکہ کمیشن نے اسی ماہ میں 59 کیسز نمٹائے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاپتہ افراد سے متعلق کمیشن نے 31 دسمبر 2018 تک 3551 کیسز نمٹائے، ادارے کے پاس اب بھی 2155 زیرالتواء کیسز موجود ہیں۔

جسٹس جاوید اقبال کی صدارت میں کام کرنے والے انکوائری کمیشن نے گزشتہ ماہ میں 547 سماعتیں کیں جس میں سے اسلام آباد میں 239، لاہور میں 33، کراچی میں 208 اورکوئٹہ میں 67 سماعتیں ہوئیں۔

لاپتہ افراد سے متعلق کمیشن کا قیام چھ ماہ کیلئے 2011 میں عمل میں لایا گیا تھا جس میں توسیع کی جاتی رہی، آخری بار ستمبر 2017 میں کمیشن کی مدت میں تین سال کی توسیع کی گئی۔


متعلقہ خبریں