عثمان بزدار کو تین ماہ کا وقت مل گیا ہے،محمدمالک



اسلام آباد: محمد مالک نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو کارکردگی دکھانے کے لیے تین ماہ کا وقت دے دیا ہے۔

پروگرام بریکنگ پوائنٹ ود مالک میں میزبان محمد مالک نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی آج کل کی بھاگ دوڈ اس لیے ہے کہ ایک اجلاس میں محسن لنگڑیال، اسلم اقبال اور ہاشم جواں بخت کے ناموں پر اگلے وزیراعلیٰ کے لیے غور کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نوازشریف کی ضمانت اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلنے پر عمران خان ناراض ہیں، وزیراعظم کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ ایسا اسٹبلشمنٹ کی وجہ سے ہورہا ہے۔

محمد مالک نے اعجاز شاہ سے متعلق انکشاف کیا کہ بے نظیربھٹو نے جن چار افراد کا نام دیا تھا کہ ان سے خطرہ ہے، ان میں اعجاز شاہ کا نام بھی شامل تھا، پرویزمشرف کے دور میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنرکے لیے پاکستان نے ان کا نام دیا لیکن آستریلیا نے اسے مسترد کردیا۔

محمد مالک نے بتایا کہ جہانگیرصدیقی کو نیب لاہور نے بلالیا ہے، ان پر حارث اسٹیل ملز میں چار ارب روپے کا الزام ہے، دو ارب کے قریب پنجاب بینک سے جے ایس بینک کو قرضہ دینے کا الزام ہے جبکہ تیسرا کیس ان کے بیٹے کے خلاف ہے جو ساڑھے دس ارب  روپے کا ہے۔

حکومت کو کچھ شعبوں کو ترجیح بنا کرکام کرنا چاہیے، کاشف عباسی

سئینر صحافی کاشف عباسی نے کہا کہ پرویزمشرف کی سیاست اعجازشاہ سنبھالتے رہے۔ یہ سیاسی مخالفین پر سختی کے لیے مشہور ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی پردباؤ ایسے ہی رہا تو مسلم لیگ ن کو ریلیف ملتی رہے گی۔

کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان پریشان ہیں کہ کام نہیں ہورہا، پنجاب میں بھی کچھ نہیں ہورہا اور وفاق میں بھی یہی صورتحال ہے۔

کاشف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کی ٹیم بہت اہم ہے، اس نے اپنے اپنے شعبے میں بہت کام کرنا ہے، اگر وہ نہیں کریں گے تو یہ حکومت ناکام ہوگی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے جیسے کچھ شعبوں کو ٹارگٹ کیا، اس حکومت کو بھی اہم ترین کچھ شعبوں میں کام کرکے دکھانا چاہیے۔

حکومت کی نااہلی سے متعلق خدشات درست ثابت ہورہے ہیں، فہد حسین

سئینرصحافی فہدحسین نے کہا کہ اعجاز شاہ کی تعیناتی کئی چیزوں کے بارے میں اشارہ کررہی ہیں لیکن یہ صاف ظاہر ہورہا ہے کہ اب ہر طرف پریشانی شروع ہوگئی ہے،  پہلے یہ چند سالوں کے بعد ہوتا تھا، اب جلدی ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی تبدیلی نہیں آسکی ہے اس لیے پریشانی حکومت کے اندر بھی شروع ہوگئی ہے، پہلے جو خدشات تھے وہ اب درست ثابت ہورہے ہیں کہ حکومت سے چیزیں نہیں سنبھل رہیں، اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں، سارا خطرہ حکومت سے ہی ہے۔

فہد حسین کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے یہ گورننس ہورہی ہے اس سے کام نہیں چلے گا کہ وزیراعظم باتیں بہت اچھی کرتے ہیں لیکن بھول جاتے ہیں، اب یہ بھی یاد نہیں کہ کتنی ٹاسک فورسز بنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرلوگ کام کرکے دکھائیں گے تو ان کے کاروبار پر لوگ سوالات نہیں اٹھائیں گے لیکن ابھی تک کوئی کارکردگی نظر نہیں آرہی ہے۔

عمران خان نے اہم ترین وزراتوں کے لیے نالائق لوگ چنے، ارشاد بھٹی

تجزیہ کارارشاد بھٹی نے کہا کہ مریم نواز کو اداکاری پرنوبل انعام اور آسکر ملنا چاہیے، ان کی ملاقاتوں کا بھی چرچا ہے، شہبازشریف کی بھی خفیہ ملاقاتیں ہیں جس سے حکومت میں پریشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج کارکردگی دکھانا ہی ہے، اپوزیشن سے کچھ نہیں ہوسکتا، قومی مفاد کے نام پر این آراو ہوا تو ملک کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ پانچ چھ اہم ترین وزراتوں پر عمران خان نے بہت محنت سے چن کر نالائق لوگ لائے ہیں، یہ جنگ عمران خان کی ہے اس لیے ان پر تنقید ہوتی ہے۔

 


متعلقہ خبریں