ہندو بچیوں کے مذہب کی تبدیلی کے معاملے پر انصاف سے کام لیا جائے گا،مرتضیٰ وہاب


اسلام آباد: رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہندو بچیوں کے مذہب کی تبدیلی کے معاملے پر انصاف سے کام لیا جائے گا، ہم جلد بچیوں تک پہنچ جایئں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا حکومت نے مکمل طور پر نوٹس لیا ہے۔ بچیوں کی عمریں 18 سال سے کم ہیں اور سندھ میں اٹھارہ سال سے کم عمر بچیوں کی شادی کی اجازت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پر قانون بنا ہوا ہے اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جایئں گے۔ یہ ایک بہت اہم مسئلہ ہے۔

پروگرام میں موجود سربراہ پاکستان ہندو کونسل رمیش کمار نے الزام عائد کیا کہ بچیوں سے زبردستی مذہب تبدیل کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بل بنانا کوئی آسان نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زبردستی مذہب تبدیل کرانے کا معاملہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر تمام جماعتیں ہمارا ساتھ دیں۔

بلاول بھٹو کا ٹرین مارچ

بلاول بھٹو کی جانب سے ٹرین مارچ کرنے سے متعلق سنیئر صحافی وتجزیہ نگار اور ہم نیوز کے صدر محمد مالک نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اپنی پرانی جگہ واپس لینے کی کوشش کرے گی اورپاکستان پیپلز پارٹی ابھی انتظار کررہی ہے کے کوئی گرفتاری ہوتی ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں جماعتوں کی جانب سے انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس وقت عوام رابطہ مہم کے مسائل نہیں ہیں۔ محمد مالک کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کی مہم عوام مسائل کے لیے ہوئی تو انہیں فائدہ ہوگا لیکن اگر یہ صرف اپنے مقدمات کے لیے کیا گیا تو پھر انہیں اس کا نقصان ہوگا۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال

پروگرام میں موجود مہمان پروفیسر عفت حسین نے کہا کہ ایران، قطر اورترکی کے درمیان تعلقات اور ایک دوسرے کی جانب جھکاؤ ہوسکتا ہے اتحاد میں بدل جائے۔ ابھی اس کو اتحاد کہنا مناسب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس ملاپ کا مقصد یہ ہے کہ جی سی سی کی قوت کا شیرازہ بکھیر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب دنیا کےعالمی نظام میں معاشی مفادات کا ایک اہم کردار ہے۔


متعلقہ خبریں