کراچی: ایف ٹی سی میں آتشزدگی، نیشنل بینک کے ریکارڈز کو نقصان


کراچی: شارع فیصل پر واقع فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر (ایف ٹی سی بلڈنگ) میں اچانک بھڑکنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ آتشزدگی کے باعث نیشنل بینک کے دفاتر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق چار گھنٹے سے زائد عرصے کی جدوجہد کے بعد لگی آگ پر قابو پانے کے بعد چیف فائر آفیسر تحسین احمد نے بتایا ہے کہ چھٹے فلور پر نیشنل بنک آف پاکستان کے دفاتر کو نقصان پہنچا ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کے ایم ڈی اور عملے کے مطابق عمارت مٰیں موجود ریکارڈ، آلات اور فرنیچر سمیت دیگر چیزوں کو نقصان پہنچا ہے کیونکہ انہیں آگ لگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھٹے فلور پر آگ جزوی طور پر لگی تھی جس نے پانچویں اور ساتویں فلور کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد آگ لگنے کی وجہ سامنے آسکے گی۔

چیف فائر آفیسر تحسین احمد کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں دو اسنارکل سمیت 12 گاڑیوں نے حصہ لیا۔

گزشتہ شب اچانک ایف ٹی سی بلڈنگ کی چھٹی منزل پہ آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ابتدا میں عمارت کے اندر موجود افراد نے لگنے والی آگ پرازخود قابو پانے کی کوشش کی تھی۔

ایف ٹی سی بلڈنگ میں لگنے والی آگ جب بے قابو ہونے لگی تو فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس نے ابتدا میں دو فائر ٹینڈرز کے ساتھ پہنچ کر لگی آگ بجھانے کی کوشش کی مگر زیادہ اونچائی کی وجہ سے یہ سلسلہ کارگر ثابت نہ ہوا ۔

ہم نیوز کے مطابق فائر بریگیڈ حکام نے صورتحال دیکھ کر فوری طور پر اسنارکل کو طلب کیا جس نے پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لینا شروع کیا۔

ہم نیوز کے مطابق حکام نے شہر سے مزید فائر ٹیندرز کو بھی ایف ٹی سی بلڈنگ پہنچنے کی ہدایت کردی تھی۔آگ کی تپش کے باعث بلڈنگ میں لگے شیشوں کے ٹوٹنے کی آوازیں بہت شدت کے ساتھ سنائی دے رہی تھیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ایف ٹی سی بلڈنگ میں لوگوں کے موجود ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور جو افراد موجود تھے انہیں ریسکیو کرلیا گیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملنے پرریسکیو اداروں کی ایمبولینسز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔ علاقہ پولیس بھی جائے وقوعہ پر موجود تھی۔

پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے واٹر ٹینکرز نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔


متعلقہ خبریں