مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، وزیراعظم

  مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امن چاہتے ہیں، مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظمیوں کےخلاف کارروائی ملکی مفاد میں کررہے ہیں۔ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستحکم افغانستان خطے کے امن کےلیے ضروری ہے۔ ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کےخلاف ایکشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف نے  افغان مذاکراتی عمل میں پاکستانی کردار پر بھی بات چیت کی۔

چند روز قبل پاک فوج نے کور کمانڈرز کانفرنس میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔

یہ دیکھیں: پاکستان کسی بھی جارحیت پر جوابی کارروائی کرے گا، آرمی چیف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت 219ویں کورکمانڈرزکانفرنس جی ایچ کیومیں منعقد ہوئی جس میں جاری پاک بھارت کشیدگی اور مجموعی تزویراتی ماحول کا جائزہ لیا گیا تھا۔

اجلاس میں بھارت کی جانب سے پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل شہریوں کو ہدف بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔

فورم کے مطابق یہ مظالم جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں اور خطے کے امن کی خاطر ان کا رکنا ضروری ہے جبکہ دنیا کو بھی اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اجلاس کے دوران 2014 کے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔


متعلقہ خبریں