مادر وطن کے دفاع سے بڑھ کر کوئی چیز مقدس نہیں، آرمی چیف


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی قیادت کرنے پر فخر ہے، مادر وطن کے دفاع سے بڑھ کر کوئی چیز مقدس نہیں۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے آج سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے اورتیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کےلیے ہر دم تیار ہے۔

یاد رہے دو روز قبل  آرمی چیف جنرل نے لائن آف کنٹرول کے چڑی کوٹ اور بگسر سیکٹرز کا دورہ کیا تھا جس کے دوران انہیں مقامی کمانڈرز نے ایل او سی کی تازہ صورتحال پربریفنگ دی۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مسلح افواج کے جوانوں کے ساتھ بات چیت میں ان کی آپریشنل تیاریوں اور ان کے جذبے کو سراہا۔

جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن ہم کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، اگر کسی طرح  کی جارحیت دکھائی گئی تو اس کا اسی طرح جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل آرمی چیف جب دورے کے لیے پہنچے تو کورکمانڈرراولپنڈی لیفٹینٹ جنرل بلال اکبر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی ائیرڈیفنس کے کمانڈر لیفٹینٹ جنرل حمودالزمان خان بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان بھارتی جارحیت کا بھرپوراور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مسلح افواج کو اختیاردے چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اپنے پالیسی بیان میں کہے چکے ہیں کہ بھارت نے اگرحملہ کیا توسوچیں گے نہیں جواب دیں گے۔


متعلقہ خبریں