اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ڈیرہ بگٹی میں غیر ضروری اراضی لیز پر لینے کے معاملے پرتحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ہم نیوز زرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کہنے پر او جی ڈی سی ایل نے ڈیرہ بگٹی میں غیر ضروری اراضی لیز پر لینے کے لیے 29 کروڑ روپے کی اضافی رقم جاری کی۔
ذرائع کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے 1325 ایکڑ کے بجائے 4300 ایکڑ اراضی لیز پر لی۔
نیب نے معاملے کی انکوائری کے لیے ایم ڈی او جی ڈی سی ایل زاہد میر کو 18 مارچ کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے، نیب کی جانب سے اسسٹنٹ جی ایم محمد افضل، جی ایم سیکیورٹی طارق حنیف کو بھی بلایا گیا ہے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے سی ایف او ارتضی علی قریشی، ای ڈی پروڈکشن ڈاکٹر نسیم اور جنرل منیجر سی ایس آر عبدالرؤف کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف نیب میں ایل این جی کیس پر بھی تحقیقات ہورہی ہیں جس کے لیے وہ ایک بار نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیر پٹرولیم قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
رواں سال میں 30 جنوری کو سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی ایل این جی اسکینڈل میں نیب کے سامنے پیش ہوکراپنا بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔