یو ای ٹی میں طالبات کیلئے حجاب لازم قرار


لاہور: انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی آف بزنس اینڈ مینجمنٹ (آئی بی ایم) انسٹی ٹیوٹ (یو ای ای) میں طلبا و طالبات کے لیے ڈریس کوڈ لازم قرار دے دیا ہے جس کے تحت لڑکیوں کو سر پر لازمی اسکارف پہن کر آنا ہوگا جبکہ جمعے کے روز لڑکوں کے لیے شلوار قمیض پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یونیورسٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس پابندی کے ساتھ ہی لڑکیوں کے جینز، کیپری اور بنا آستین کی شارٹس پہننے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ لڑکوں کے جینز پہننے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ڈریس کوڈ کی پابندی نہ کرنے والے طلباء پر پانچ ہزار روپے کے جرمانے کا اطلاق کیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق رواں ماہ گیارہ مارچ 2019 سے ہو گا۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے یو ای ٹی آئی بی ایم کے ڈائریکٹر ڈاکڑ شعیب نے بتایا کہ تمام طلباء میں ڈریس کوڈ سے متعلق ایک ہفتے  کی آگاہی مہم چلائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز سے آئے طلبا کو صحیح معنوں میں ڈریسنگ سکھانے کی غرض سے پابندی کا اطلاق کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے سابق وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا جیلانی نے پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں پنجاب کے تمام کالجوں اور جامعات میں لڑکیوں کے لئے حجاب کو لازم قرار دینے کے لئے تجویز دی تھی۔

پاکستان کی کچھ جامعات جن میں جامعہ اسلامیہ اسلام آباد، بحریہ یونیورسٹی ،محمد علی جناح یونیورسٹی ،اقراء یونیورسٹی، نسٹ اور حیدرآباد کی اسرا یونیورسٹی میں بھی ڈریس کوڈ کا اطلاق کیا جارہا ہے ۔

 


متعلقہ خبریں