سارک ممالک جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے کردار ادا کریں، وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سارک فورم کا مقصد خطے کے ممالک کو قریب لانا ہے، سارک ممالک جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیپالی وزیر خارجہ پردیپ کمار گیاوالی اور سری لنکن وزیر خارجہ تلک ماراپانا سے ٹیلفونک رابطہ کیا،  جس میں خطے کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن و امان کے فروغ کے لئے جنوبی ایشیا اور اپنے ہمسایہ ممالک کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، خطے میں امن و امان کا قیام سب کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ نیپال، سارک کا ممبر ہونے اور پاکستان کا دوست ہونے کے ناطے، پختہ یقین رکھتا ہے کہ امن کی پاسداری سب کے یکساں مفاد میں ہے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط سے بھی آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سری لنکا خطے میں پاکستان کا اہم ہمسایہ ملک ہے ،پاکستان خطے میں استحکام کے لئے امن کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر سری لنکن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ محاذ آرائی کسی فریق کے مفاد میں نہیں – تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے سے حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں ۔سری لنکا بھی خطے میں امن و امان کا حامی ہے۔

واضح رہے پلوامہ واقعے کے بعد سے بھارت کی جانب سے پاکستان کو بغیر کسے شواہد کے مسلسل واقع کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے جبکہ نئی دہلی کی سرکار اور میڈیا جنگ کا طبل بجانے میں مصروف ہیں۔

اس تناظر میں پاکستان کی جانب سے سفارتی محاذ ہمسائے ممالک کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے ممالک روابط جاری ہیں اور پاکستان کا موقف واضح کیا جا رہا ہے۔

عالمی طاقتوں جن میں امریکہ، چین سمیت سعودی عرب اور دیگر ممالک کی جانب سے بھارت و پاکستان کو تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں