نیب کا ادارہ اور مقدمات ہم نے نہیں بنائے،علی نواز اعوان 


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے کہا کہ نیب کا ادارہ اور یہ مقدمات ہم نے نہیں بنائے یہ سب مقدمات ان لوگوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے ہیں۔

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے دو ماہ میں پارلیمانی کمیٹی بنا دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے خطرات لاحق ہوں اور اس وقت بھی ہم آپس کی باتوں پر توجہ دیں تو یہ غلط ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان کیوں بار بار بولتے ہیں کہ سب کا احتساب ہوگا۔  آخر گھر سے کیوں شروع نہیں کرتے جب وزیراعظم پر بھی الزامات ہیں اور تحقیقات تو ان کے خلاف بھی ہورہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنے گھر سے تحقیقات کا آغاز کرنا چاہیئے۔

قومی اسمبلی کی کارروائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب دوسری طرف سے بھی تلخ کلامی کی جائے تو جواب تو دیا جائے گا۔ جب ایک طرف سے وار ہوگا تو دوسری جانب خاموشی نہیں رہ سکتی۔

پروگرام میں موجود میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کو بہتر ہونا چاہیے لیکن اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ اگر بھارت کی جانب سے کوئی جارحیت کی گئی تو پوری قوم اور یہ تمام جماعتیں اکھٹی کھڑی ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی خطرہ ہو تو پوری ملک اور سیاست دان فوج کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ ایسا کبھی نہیں ہوا کے پاکستان پر بات آئے اور یہ قوم ایک نہ ہوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ دراصل سیاست میں تو اونچ نیچ اور الزام تراشی کا سلسلہ ہوتا ہے اور یہ ہی سیاست کا حسن ہے اگر ایسا نہ ہو تو یہ سب سیاست دان بور ہوجائیں گے کہ کچھ کرنے کو نہیں۔


متعلقہ خبریں