امریکی انتخابات 2020 : پاکستانی نژاد فیض شاکر کا کردار اہم ہوگا


واشنگٹن: پاکستانی نژاد امریکی شہری اورحقوق انسانی کے علمبردار فیض شاکر کو امریکہ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے اپنی صدارتی مہم کے لیے کمپین منیجر مقرر کردیا ہے۔

فیض شاکر 2020 میں ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن میں سینیٹر برنی سینڈرز کے کمپین منیجر ہوں گے۔ وہ کسی بھی صدارتی امیدوار کے کمپین منیجر بننے والے پہلے مسلمان اور پہلے پاکستانی امریکن ہیں۔

پاکستانی والدین کے گھر جنم لینے والے فیض شاکر امریکن سول لبرٹیز یونین کے سیاسی ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔

امریکہ کے  سینیٹر برنی سینڈرز نے صرف دو دن قبل ہی 2020 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے 70 سالہ سینیٹر کا دعویٰ تھا کہ وہ صدارتی انتخاب جیت جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ صدارتی الیکشن میں ہرانا ہماری ترجیح ہو گی۔

امریکہ میں سینیٹر برنی سینڈرز کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے مخالف کے طور پر دیکھا اور جانا جاتا ہے۔

سینیٹربرنی سینڈرز 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ پارٹی کے ٹکٹ کے امیدوار تھے لیکن وہ ہیلری کلنٹن سے پارٹی کے امیدوار کا انتخاب ہار گئے تھے۔

انہیں 46 فیصد ووٹ ملے تھے جبکہ ہیلری کلنٹن 54 فیصد ووٹ حاصل کرکے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں انتخابی میدان میں اتری تھیں۔

سینیٹر کا کہنا ہے کہ 2020 کے لیے ان کی مہم گزشتہ سے کافی مختلف ہوگی اور وہ ری پبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جم کر مقابلہ کریں گے۔

امریکہ کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے مخالف کی جانب سے آئندہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

فیض شاکر کی یونین انسانی حقوق کے حوالے سے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر خاصی سخت تنقید کرتی ہے اور اس حوالے سے انہیں رتی برابر رعایت دینے پر تیار نہیں ہوتی ہے۔

امیگریشن کے حوالے سے بھی پاکستانی نژاد فیض شاکر کی تنظیم نے باقاعدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھرپور جدوجہد اور سخت مزاحمت کی ہے۔

سینیٹر برنی سینڈرز کے کمپین منیجر مقرر ہونے والے فیض شاکر اس سے قبل ڈیموکریٹک سینیٹر ہیری ریڈ کے سینئر مشیر کے طور پر بھی کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کے امریکہ میں بڑی مخالف گردانی جانے والی نینسی پلوسی کے ساتھ بھی فیض شاکر نے کام کیا ہے۔


فیض شاکر اس سے قبل ڈیموکریٹک سینیٹر ہیری ریڈ کے سینئر مشیرکے طور پر بھی کام کرچکے ہیں۔ وہ ٹرمپ
کی سب سے بڑی مخالف نینسی پلوسی کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔

سینیٹر برنی سینڈرز امریکہ کی شمالی ریاست ورمونٹ سے آزاد حیثیت میں سینیٹ کے رکن ہیں لیکن ایوان میں وہ ڈیموکریٹس کی نشستوں پر بیٹھتے ہیں۔

انہیں کانگریس کے سب سے طویل عرصے تک منتخب ہونے والے آزاد رکن کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

فیض شاکر کی اس اہم منصب کے لیے نامزدگی یقیناً پاکستانیوں سمیت امریکہ میں آباد اہل وطن کے لیے فخر کا باعث ہوگی۔


متعلقہ خبریں