نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا



لاہور: ایک مرتبہ پھر طبیعت خراب ہونے کے بعد سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کو وی آئی پی کمرہ نمبر پانچ میں منتقل کیا گیا ہے جسے ان کی خواہش کے مطابق تیارکیا گیا ہے۔

اس سے قبل دو جنوری کو پنجاب حکومت نے میڈیکل بورڈ کی سفارش پر نواز شریف  کو جیل سے علاج کے لئے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ پانچ روز تک زیرعلاج رہے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  نواز شریف صاحب کو پھراس اسپتال منتقل کرناجہاں عارضہ قلب کا علاج ہی میسر نہیں افسوسناک اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‎نواز شریف صاحب کے عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کی خود حکومت کے اپنے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈز نے تصدیق کی ہے۔

ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ‎ بورڈز اپنی طبی تشخیص میں تجویز کر چکے ہیں کہ مریض کو ایسی علاج گاہ میں رکھا جائے جہاں چوبیس گھنٹے عارضہ قلب کی طبی سہولیات دستیاب ہوں، نواز شریف صاحب کو صرف تنگ اور ذہنی تکلیف پہنچانے کیلئے ایک دفعہ پھر ایسے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں عارضہ قلب کا انتظام نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎ان حقائق اور طبی تشخیص کے نتائج کے برعکس اقدام بدنیتی نہیں تو اور کیا ہے؟ سابق وزیراعظم کی صحت کے معاملے کو سنجیدہ لیا جائے، محمد نواز شریف صاحبِ کو خدانخواستہ کوئی ضرر پہنچنے کے ذمہ دار عمران خان ہونگے۔


متعلقہ خبریں