ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری

ملک کے بیشتر حصوں میں آج بارش کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جو آج دن بھر جاری رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، سرگودھا، ساہیوال، جہلم، گوجرہ، کوہاٹ، آزاد کشمیر، پاراچنار، چمن، قلات، پشین سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز اور آہستہ بارش ہوئی۔

گلگت بلتستان، دیر، مری، پاراچنار، وادی نیلم، کالام سمیت دیگر شمالی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔

برفباری اور سردی کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جڑواں شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے اور بادل مزید برسنے کے لیے تیار ہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہوئی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، مردان، پشاور، مردان، کوہاٹ، لاہور، سرگودھا کے بیشتر حصوں میں گرچ چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے جب کہ ہزارہ ڈویژن، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان

خراب موسم کے باعث مالاکنڈ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش میر کھانی 33 ملی میٹر، مالم جبہ 32 ملی میٹر، گوادر 24 ملی میٹر، مظفرآباد 11 ملی میٹر، اسکردو 06 ملی میٹر، ہنزہ ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

مالم جبہ میں 09، کالام میں 2 اعشاریہ 5، اسکردو میں 2 اعشاریہ 2 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت بگروٹ، گوپس منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ، اسکردو، ہنزہ منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ، استور، پاراچنار منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں