کراچی: گلستان جوہرمیں واقع دارالصحت اسپتال میں ڈاکٹرزکی مبینہ غفلت سے مریضہ جاں بحق ہوگئی۔ لواحقین نے اسپتال کے اندر احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور اسپتال عملے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق 46 سالہ جاں بحق ہونے والی مریضہ کے لواحقین کا مؤقف ہے کہ کھانا کھانے کے بعد الٹی ہونے پر خاتون کو اسپتال لایا گیا تھا۔
لواحقین کے مطابق خاتون اسپتال لائے جانے پر خود چل کر اسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں جب انہیں انجکشن لگایا گیا تو مریضہ کی حالت خراب ہوئی۔
ہم نیوز نے لواحقین کے حوالے سے بتایا ہے کہ انجکشن لگنے کے کچھ دیر بعد خاتون کا انتقال ہوگیا۔
دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ اور عملے کا اس ضمن میں تاحال مؤقف سامنے نہیں آسکا ہے۔