جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات، نیب کی ٹیمیں تشکیل


اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

اجلاس کے دوران جعلی اکاونٹس کیس کی ابتدائی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، جسٹس (ر) جاوید اقبال نے عدالتی فیصلے پر من و عن عمل کرنے کی ہدایت دی۔

نیب اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیئرمین نیب نے مختلف ٹیمیں تشکیل دی دیں، کچھ ٹیمیں نیب ہیڈکوارٹر اور کچھ کراچی جا کر بیان ریکارڈ کریں گی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت مقدمہ بنکنگ کورٹ سے احتساب عدالت منتقل کرنے پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نے ہدایت دی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کےلیے تمام توانائیاں استعمال کی جائیں۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب قانون اور شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔


متعلقہ خبریں