لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ میڈیکل بورڈز بنا بنا کر نواز شریف کی صحت کے معاملے پر تضحیک کی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے والدہ کے انتقال کے بعد پہلی بار کھل کر کوئی سیاسی بیان دیا ہے۔
مریم نواز نے سروسز اسپتال کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو دل کی بیماری کا علم ہونے کے باوجود سروسز اسپتال میں رکھا گیا، اسی لیے اُن کا مؤقف تھا کہ درست علاج نہیں کرانا تو جیل بھجوا دیں۔
انہوں ںے کہا کہ اتنے دن نواز شریف کو سروسز اسپتال کیوں رکھا گیا اور میڈیکل بورڈ پانچ روز کیا کرتا رہا ہے۔ نواز شریف کو یہ خود جیل سے لے کر آئے تھے اور اُن کی صحت کے معاملے پر بھی حکومتی کارندوں نے ہی ابہام پیدا کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف سے متعلق چاروں بورڈز نے کہا کہ نواز شریف کو دل کے اسپتال جانا چاہئے لیکن نواز شریف کی صحت کے معاملے پر تضحیک کی گئی جب کہ نواز شریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ اس مذاق کا حصہ بننے کو تیار نہیں۔
دوسری جانب مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بہت بڑی آزمائش آئی مگر توکل الّلہ پر رکھا، حکومت سے نہ کبھی علاج کی درخواست کی نہ کریں گے۔
بہت بڑی آزمائش آئی مگر توکل الّلہ پر رکھا، حکومت سے نہ کبھی علاج کی درخواست کی نہ کریں گے۔ میری مرحوم والدہ جب بسترِمرگ پر تھیں، ان خوفِ خدا سے عاری انسانوں نے جو اب حکومت میں ہیں ان کی بیماری کا مزاق اڑایا تھا۔ ظلم کی رات چھوٹی مگر اس کی پکڑ بہت بڑی۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) February 7, 2019
اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میں نے چپ رہ کر سب کچھ سہا اور مانگا تو صرف اللّہ سے، کسی چیز پر سیاست نہیں کی۔
میں نے چپ رہ کر سب کچھ سہا اور مانگا تو صرف اللّہ سے، کسی چیز پر سیاست نہیں کی، مگر اب اگر میرے والد کی صحت سے کھلواڑ کیا گیا، یا اس کو سیاست کی نظر کیا گیا، یا ان کو خدا نہ خواستہ کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) February 7, 2019
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کھا ہے کہ ایک رات جیل میں میاں صاحب کو سینے میں تکلیف ہوئی، وہ آوازیں دیتے رہے مگر کوئی نہ آیا۔
ایک رات جیل میں میاں صاحب کو سینے میں تکلیف ہوئی، وہ آوازیں دیتے رہے مگر کوئی نہ آیا۔ اس بے حسی اور سیاسی انتقام کا جواب حکمرانوں کو دینا پڑے کا۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) February 7, 2019
دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے روشنی میں نواز شریف کو اسپتال سے واپس جیل منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں بھی میڈیکل ٹیم نواز شریف کی بھرپور دیکھ بھال کرے گی اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔