علیم خان کی گرفتاری، پی ٹی آئی کی اہم قیادت نے سر جوڑ لیے

علیم خان کی گرفتاری پر تحریک انصاف کی پارٹی اورپنجاب حکومت کا اعلی سطحی اجلاس، فوٹو ہم نیوز۔–


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی اہم قیادت نے سر جوڑ لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لاہورمیں ایوان وزیراعلی میں تحریک انصاف کی پارٹی اورحکومتی قیادت کا اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں قانونی اورسیاسی پہلوؤں پر بحث کی گئی جبکہ وزیرقانون بشارت راجہ نے علیم خان کی گرفتاری اور قانونی پہلوؤں پر اجلاس کے شرکا کو بریف کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں علیم خان کی گرفتاری سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت بھی کی گئی۔ حکومت پنجاب نے انصاف اورقانونی پہلوؤں کو سامنے رکھ کر اپنا ردعمل جاری کرنے پر غور کیا۔

اجلاس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنرپنجاب چوہدری محمد، وزیر قانون بشارت راجہ، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، وزیر پراسیکوشن چوہدری ظہیر الدین، وزیرجنگلات سبطین خان سمیت دیگر وزرا اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

واضح رہے  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبد العلیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار کرلیا ہے۔ رہنما تحریک انصاف کو کل احستاب عدالت لاہور پیش کیا جائے گا اور ان کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے علیم خان کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہاحتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اداروں کے ساتھ  کھڑے ہیں۔ علیم خان کے کیس کا فیصلہ میرٹ پرہوگا۔


متعلقہ خبریں