شاعر منور رانا کو سانس لینے میں دشواری، اسپتال منتقل کردیا گیا


لکھنؤ:

ایک آنسو بھی حکومت کے لیے خطرہ ہے

تم نے دیکھا نہیں آنکھوں کا سمندر ہونا

درج بالا شہرہ آفاق شعر کے خالق اور ممتاز نثر نگار منور رانا کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر انہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر انہیں طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔

جدہ سعودی عرب سے شائع ہونے والے ممتاز اخبار’ اردو نیوز جدہ ‘ کے مطابق منور رانا کو گزشتہ شب  پی جی آئی میں داخل کیا گیا کیونکہ انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔

مؤقر اخبار کے مطابق پی جی آئی میں آئی یو سی کے ڈاکٹر دیویندر گپتا کی نگرانی میں ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم منور رانا کے علاج پر مامور ہے۔

پی جی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راکیش کپور نے بتایا ہے کہ ان کی حالت بہترہے۔ ڈاکٹر کپورکے مطابق ممتاز شاعر کو سانس لینے میں دقت اور دشواری کا سامنا تھا۔

منور رانا گزشتہ کچھ عرصے کے دوران مختلف بیماریوں اور حادثات کا شکار ہوئے ہیں۔

اردو نیوز کے مطابق وہ گزشتہ تین دن سے کپورتھلہ کے مڈلائن اسپتال میں زیر علاج تھے لیکن طبیعت نہ سنبھلنے کے باعث انہیں پی جی آئی میں داخل کرایا گیا ہے۔

پی جی آئی میں ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم انہیں طبی امداد فراہم کررہی ہے۔

منور رانا نے کہا تھا کہ

اس طرح میرے گناہوں کو وہ دھو دیتی ہے
ماں بہت غصّے میں ہوتی ہے تو رو دیتی ہے

 

منصفِ وقت ہے تو اور میں مظلوم مگر

تیرا قانون مجھے پھر بھی سزا ہی دے گا

 


متعلقہ خبریں