میڈیا کا کام حکومتیں گرانا یا بنانا نہیں ہے، اکرام سہگل



اسلام آباد: معروف تجزیہ کار اکرام سہگل کا کہنا ہے کہ میڈیا کا کام حکومت کر بنانا یا گرانا نہیں بلکہ خبر دینا اور تجزیہ کرنا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ایجنڈا پاکستان‘ کے میزبان عامر ضیاء سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافت آج بہت آگے جا چکی ہے، جتنی آزادی اب میسر ہے وہ پہلے موجود نہیں تھی۔ میڈیا میں اگر غلط بیانی موجود ہے تو اس کے پیچھے پیسہ کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت جعلی اکاؤنٹس اور دیگر مقدمات کی وجہ سے دباؤ میں ہے، وہ کرپشن کے مسئلے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔ اس کا مقصد رائے عامہ پر اثرانداز ہونا ہے۔

اکرام سہگل کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف مقدمات ن لیگ کے دور میں شروع ہوئے تھے، پی ٹی آئی کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتیں کو مفلوج کر کے رکھ دیا گیا ہے۔ جب تک مقامی حکومتوں کو اختیار نہیں ملتا اس وقت تک حقیقی جمہوریت نہیں میسر آ سکتی۔

18ویں ترمیم کے بارے میں اپنی رائے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم بہت جلدی میں منظور کی گئی جس کی وجہ سے اس پر کوئی بحث نہیں ہو سکی اور اس میں کافی خامیاں رہ گئیں۔ اسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ میڈیا بہت طاقتور ادارہ ہے، امریکہ جیسے ملک میں بھی جعلی خبروں کے ذریعے انتخابی عمل کو متاثر کیا گیا۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی دھمکیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر احتجاج ان کے بس کا روگ نہیں ہے۔

میڈیا کا کام معروضی رپورٹنگ ہے، جبار خٹک

معروف صحافی جبار خٹک نے کہا کہ صحافی اور آزاد میڈیا کا کام معروضی رپورٹنگ ہے۔ اس میں مرچ مصالحہ ڈالنا ایک بری روایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب وفاق میں حکمران تھی تو اس نے میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔ سندھ حکومت میں پیپلزپارٹی  اپنے مخالفین کو اشتہار دیتی ہے تاکہ انہیں اپنے حق میں ہموار کیا جائے۔

جبار خٹک نے کہا کہ جتنی حکومت کم ہو گی اتنی ہی اچھی ہو گی۔ وفاق سے صوبوں کو حکومت منتقل ہوئی لیکن اسے مقامی سطح تک منتقل نہیں کیا جا سکا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس میں میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے، اس مقدمے میں قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

ہم نیوز واحد ادارہ ہے جہاں سے ایک بھی صحافی نہیں نکالا گیا، تاج حیدر

پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر نے کہا کہ آج ہر ادارے میں سینکڑوں صحافی ایک نوٹس پر نکال دیے گئے ہیں اس پر احتجاج کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نیوز واحد ادارہ ہے جہاں سے ایک بھی صحافی نہیں نکالا گیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مالکان کے بجائے عام صحافیوں کے حق میں بات کی ہے۔

ہماری کامیابی میڈیا کی بدولت ممکن ہوئی، خرم شیرزمان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کامیابی کے پیچھے میڈیا کا بہت ہاتھ ہے کیونکہ صحافی سچائی کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔

 


متعلقہ خبریں