اپوزیشن کا سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)، مسلم لیگ ن اور حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ماریہ ذوالفقارسے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی کمیٹی کے پاس کسی کو بلانے، بیان ریکارڈ کرنے کا اختیار ہے، حکومت کو سفارش بھی کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کمیٹی میں سی ٹی ڈی کے بیانات اور موقف کو مسترد کیا گیا ہے اور حکومت سے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔

بیرسٹرسیف نے کہا کہا اگر بچے کا بیان غلط ثابت نہیں ہوتا تو یہ عدالت میں قابل قبول ہے، عدالت میں اس بیان پر جرح ہوگی۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ملک کےکرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے، سیاسی جماعتوں کو اس سے فائدہ ہوتا ہے اس لیے وہ اس شعبے میں اصلاحات لانے سے کتراتی ہیں۔

حکومت ماضی کی مثالیں دینے کے بجائے کارروائی کرے،علی پرویزملک

مسلم لیگ ن کے رہنما علی پرویزملک نے کہا کہ حکومت ماضی کی مثالیں دینے کے بجائے کارروائی کرے، اپوزیشن صرف کارروائی کے لیے حکومت پردباؤ ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے معاملے پر حکومت سے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے حکومت کو تعاون کی پیشکش کی لیکن حکومت نے کسی بھی شعبے میں کوئی کام اور تیاری نہیں کی ہے۔ حکومت صرف الزامات لگانے کی سیاست کررہی ہے۔

پنجاب بھرمیں حکومت پولیس میں مداخلت کررہی ہے،ندیم اصغرکائرہ

پیپلزپارٹی کے رہنماء ندیم اصغر کائرہ نے کہا کہ معاملے کو حکومت نے باربار بیانات بدل کر متنازع بنایا ہے، اب بھی حکومت حل کرنے کے بجائے متنازع بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا حکومت اگر اصلاحات کرنا چاہتی ہے تو اپوزیشن ساتھ دے گی لیکن حکومت کی توجہ اس پر نہیں ہے۔ پورے صوبے میں حکومتی اراکین کی مرضی سے پولیس میں تبادلے ہورہے ہیں۔

ہم متاثرین کے مطالبے پرجوڈیشل کمیشن بنا دیں گے،شوکت بسرا

تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ ہم اس کیس میں ثابت کریں گے کہ تحریک انصاف کی حکومت دوسروں سے مختلف ہے۔ حکومت اس معاملے میں کسی بھی طرح پیچھے نہیں ہٹے گی، متاثرین کے مطئمن ہونے تک کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک جے آئی ٹی کی رپورٹ نہیں آجاتی ہمیں حتمی فیصلہ نہیں دینا چاہیے، حکومت نے ابتدائی رپورٹ کو غیرتسلی بخش قراردیا ہے۔

شوکت بسرا نے کہا کہ ہم پولیس میں اصلاحات لارہے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ سامنے آئیں گی، سانحہ ساہیوال پرجوڈیشل کمیشن کا اعلان عمران خان نے خود کررکھا ہے وہ متاثرین کے مطالبے پر ضرور کمیشن قائم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت پولیس میں سیاسی مداخلت نہیں کررہی ہے لیکن اداروں کو مکمل خود مختاری کے ساتھ کام کرنے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اگر دونوں جماعتیں اب تک اصلاحات نہیں لاسکی ہیں تو اس میں تحریک انصاف کا کوئی قصور نہیں، ہاں اگر ہم نے اپنے دور حکومت میں نہ کیا تو ہم ذمہ دار ہوں گے۔

 


متعلقہ خبریں