کے ایم سی کی عرضی منظور: کراچی سے تجاوزات ملبہ اٹھنے کا امکان


کراچی: حکومت سندھ نے کے ایم سی کی عرضی منظور کرلی جس کے بعد شہر قائد میں پڑا ہوا ٹنوں تجاوزات کا ملبہ اٹھائے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

شہرقائد میں جگہ جگہ پڑے ہوئے ملبے سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے ہم نیوز نے بتایا ہے کہ کے ایم سی کی جانب سے حکومت سندھ کو عرضی بھیجی گئی تھی کہ ملبہ اٹھانے کے لیے 20 کروڑ روپے کی رقم درکار ہے۔

ہم نیوز کے مطابق حکومت سندھ نے کے ایم سی کی سمری منظور کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فنڈز بھی جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ذمہ دار ذرائع کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ حکومت سندھ کے منظور کردہ فنڈز سے تجاوزات کا ملبہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھوں کی مرمت بھی کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ کے ایم سی کے زیر انتظام ملبہ اٹھانے کے کام کی نگرانی بھی کرے گا۔

انسداد تجاوزات مہم کے دوران کراچی میں متعدد عمارات توڑی گئیں جس کی وجہ سے جگہ جگہ ملبے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ اس ڈھیر کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے بلکہ جابجا گندگی کے بھی ڈھیر لگ گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق حالیہ دنوں میں ہونے والی بارش کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے اور اس بات کے بھی خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ اگر فوری طور پر ملبے کو نہ اٹھایا جائے گا تو وہ جراثیم کی افزائش کا بہترین ذریعہ بن جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش کی بھی پیشن گوئی کی ہے۔

ملک میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ہر سال ڈینگی کے خطرات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اس سے صرف حفاظتی تدابیر اختیار کرکے ہی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں