فاروق ستار کا کے ایم سی ہیڈ آفس کے گھیراؤ کا اعلان

پی ٹی آئی کا نظریاتی کارکن مایوسی کا شکار ہوگیا ہے، فاروق ستار کا دعویٰ

 

 

کراچی کی سیاست میں واپسی کے متمنی سابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ہفتے کے روز کے ایم سی ہیڈ آفس کے گھیراؤ کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میئر کراچی اور حکومت سندھ چھوٹے تاجروں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے اور عدالتی احکامات کی نفی کررہی ہے۔

سابق ایم کیو ایم پاکستان رہنما کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے 50 ہزار گھرانے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔

فاروق ستار نے بحالی کمیٹی کی جانب سے کل کے ایم سی ہیڈ آفس کے گھیراؤ کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کے ایم سی افسران کے ساتھ اس سیاسی قبضہ مافیا کو بھی بے نقاب کیا جائے جس نے تجاوزات قائم کروائیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جب کوئی بڑے منصوبے بنتے ہیں تو انکروچرز کو متبادل دیا جاتا ہے، توڑ پھوڑ کے دوران تاجروں کے 20 ارب سے زائد مال کی منظم لوٹ مار ہوئی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھی بولنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے کہنے لگے اتنی سندھی تو پوری زندگی میں نہیں بولی۔

ان کاکہنا تھا کہ کل کے آل پرائیویٹ سندھ کالج اور اسکول کی انتظامیہ بھی اس احتجاج میں شامل ہوں، تجاوزات کی آڑ میں جائز اور لیز شدہ عمارتیں گرائی جارہی ہیں۔


متعلقہ خبریں