کراچی: میریج ہال ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

کراچی: میریج ہال ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی یقین دہانی کے بعد کراچی میں میریج ہال ایسوسی ایشن نے اپنی ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے کہا ہے کہ  وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ہم کو شادی ہالز کے خلاف کسی بھی کارروائی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے اور شادی ہالز مالکان نے اتوار سے ہڑتال پر جانے کی کال واپس لے لی ہے۔

رانا رئیس نے کہا ہے کہ  وزیر بلدیات نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے اور ہم ہڑتال ختم کرتے ہیں۔

خلاف ضابطہ تعمیرات سے متعلق عدالتی فیصلے کے بعد کراچی میں میریج ہال ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال دی تھی۔

شادی ہال مالکان نے اتوار سے تقاریب منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کے لیے شادی ہالز کی بندش کا اعلان کیا تھا۔  ایک محتاط اندازے کے مطابق کراچی میں شادی ہالوں کی تعداد 700 سے زائد بتائی جاتی ہے اور ہڑتال کے اعلان سے سینکڑوں گھروں میں سخت پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے جن کی تقاریب منعقد ہونا تھیں۔

کراچی میں بیشتر شادی ہالوں کی بکنگ تین سے چھ ماہ قبل کی جاتی ہے اوربطور ایڈوانس بھی صارفین سے ایک لاکھ روپے سے زائد رقم کی وصولی ہوتی ہے۔

شادی ہالوں کی بندش کے اچانک اعلان کے بعد ہار پھول و ڈیکوریشن کے کاروبار سے وابستہ افراد کے علاوہ وڈیو میکرز اورفوٹو گرافرز بھی سخت تشویش میں مبتلا تھے اور وہ ان فیملیز سے رابطہ کررہے ہیں جن کے ایڈوانس آرڈرز انہوں نے لیے ہوئے تھے۔

شادی ہالز ایسوسی ایشن  کی کال نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے صورتحال پر ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا تھا جس میں وزیربلدیات سعید غنی، مشیر قانون مرتضی وہاب، ایڈوکیٹ جنرل، چیف سیکریٹری،ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو مدعو کیا گیا تھا۔

اجلاس میں عدالتی فیصلے اور شادی ہالز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے معاملے پر غور کیا جانا تھا۔


متعلقہ خبریں