نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ: سندھ کے متعدد علاقے بجلی سے محروم

سبی میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن، شہری سخت پریشان

فائل فوٹو


کراچی: کے الیکٹرک نے بتایا ہے کہ نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے باعث سندھ بشمول کراچی میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جسے بحال کرنے کا عمل جاری ہے۔ بجلی بحران کے سبب سندھ اسمبلی کی بجلی بھی منقطع ہوئی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ لانڈھی، کورنگی، حب چوکی اور بلدیہ کے علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے اور دیگر علاقوں میں بحالی کا عمل جاری ہے۔

کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ صارفین سے تعاون کی اپیل اور پریشانی پر معذرت خواہ ہیں۔

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مطابق ٹیم نے کم سے کم وقت میں سندھ اور بلوچستان میں بجلی کی سپلائی بحال کردی ہے۔ کے الیکٹرک کو 500 کے وی گرڈ سٹیشن جامشوراور 500 کے وی این کے آئی (NKI)گرڈ سٹیشن سے بجلی بحال کردی گئی ہے۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق حیسکو کا سسٹم بھی بحال کردیا گیا ہے اور بجلی کی سپلائی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ220 کے وی سبی، کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن بحال کردی گئی ہے اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے علاقوں کو بجلی کی سپلائی جاری ہے جب کہ حیسکو کے علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔

سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی(سیپکو) کے مطابق گڈو تھرمل پاور کے یونٹس میں فنی خرابی کے باعث بھی بجلی کی فراہمی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں بجلی مکمل طور پر بحال کردی جائے گی۔

مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ سندھ میں بجلی کی بندش سے مسائل مزید گھمبیر ہوں گے، وفاقی حکومت نعروں سے باہر نکل کر کام کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت بجلی کے مصنوعی بحران کو فوری ختم کرے۔


متعلقہ خبریں