لاہور: ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم 15 سال بعد رواں ماہ کے اختتام پر پاکستان کا دورہ کرے گی اور کراچی میں ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز میں حصہ لے گی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان 31 جنوری کو پہلا، یکم کو دوسرا اور 3 فروری کو تیسرا ٹی ٹوئٹی میج کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز ساؤتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم کی جانب سے تین ون ڈے میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم 26 جنوری کو دبئی پہنچے گی جس کے بعد 30 جنوری کو کراچی آئے گی۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم مارچ 2004 میں پاکستان آئی اور سات میچز پر مشتمل ون ڈے سیریزکو 2-5 سے اپنے نام کر گئی تھی۔
ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کا دورہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اچھا قدم ہے۔ اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم سال 2015 میں پاکستان آ کر کھیلی تھی۔