سندھ اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے رابطوں کا آغاز

فائل:فوٹو


کراچی: سندھ اسمبلی میں قائمہ کمیٹی کی تشکیل کے لیے اپوزیشن اور حکومت میں رابطوں کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ مشیر اطلاعات سندھ ‌مرتضٰی وہاب سے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کی ہے۔

تحریک انصاف کے پارلیمانی وفد نے مرتضیٰ وہاب سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور کمیٹیوں کے قیام سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنماء مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے پر یقین رکھتی ہے،سندھ اسمبلی میں قائمہ کمیٹی کی تشکیل کے معاملات میں بڑی حدتک پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ قائمہ کمیٹیوں کے معاملے پر پوری تیاری کرلی ہے، جلد اس پر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر قائمہ کمٹیوں کا اعلان کردیا جائے گا۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی کی طرف سے صوبائی وزراء ناصر شاہ، سعید غنی جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی،عارف جتوئی اورحلیم عادل شیخ موجود تھے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے جعلی اکاونٹس کیس میں جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت پر مسلسل تنقید کی جارہی ہے، انہوں نے وزیراعلی مراد علی شاہ کو بھی تبدیل کرنے کا کئی بار مطالبہ کیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جارحانہ بیانات پر پیپلزپارٹی کے وزراء نے بھی سخت ردعمل دیا اور وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو تقنید کانشانہ بنایا جس پر دونوں کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں