تحریک انصاف کے اتحادی ان سے خوش نہیں، مرتضیٰ وہاب


کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی وفاقی حکومت پر نظر ڈالے اُن کے اتحادی خوش نہیں ہیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کل تحریک انصاف کے دو وزرا نے کہا کہ فواد چوہدری جو کر رہے ہیں وہ پارٹی کا ایجنڈا نہیں ہے جب کہ سندھ حکومت مخلوط حکومت نہیں ہے یہ پارٹی کے اپنے اراکین سندھ اسمبلی پر مشتمل حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت آج بھی صرف کام پر توجہ دیتی ہے اور سندھ حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ عوام کو کیسے ریلیف فراہم کیا جائے۔

مشیر اطلاعات و قانون نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل ہونے جا رہا ہے اور اس سے پاکستان کا مثبت پہلو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے پی ایس ایل کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی ہے۔ جب کہ کراچی اس سے پہلے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کر چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت امن و امان کے اجلاس سے متعلق بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں اہم مسائل پر بات ہوئی ہے اور وزیر اعلیٰ نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے امن و امان اور پولیس سے متعلق ہفتہ روزہ بریفنگ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جب کہ کمشنر کراچی اور سیکرٹری داخلہ سے مختلف ایونٹ کے لیے حکمت عملی پر بات کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں