کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن اور پاک بحریہ کی بین الاقوامی مشقوں کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات کی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت امن و امان پر اعلیٰ سطح اجلاس میں آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے صورتحال پربریفنگ دی۔
آئی جی سندھ نے دہشت گردی کے بڑے واقعات کی تفتیش اور امن و امان کی صورتحال پر وزیر اعلیٰ سندھ کو بریف کیا۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر ہے۔ اسٹریٹ کرائم اورموٹرسائیکل چھیننے کی وارداتیں کسی حد تک کنٹرول ہوئی ہیں۔
ڈاکٹر کلیم امام نے بتایا کہ ضلع وسطی میں جرائم کی شرح زیادہ تھی، وہاں خصوصی اقدامات کئے ہیں۔
اپنی بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ بینک ڈکیتیوں کی تمام وارداتوں کی تفتیش جاری ہے۔ جعلی لائسنس کےذریعےاسلحے فروخت کرنے والے گروہ کو پکڑا ہے جس میں پولیس اہلکار بھی ملوث ہیں۔
آئی جی سندھ نے علی رضاعابدی قتل کیس اورچینی قونصلیٹ پر حملے کی تحقیقات سے بھی آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی جنوبی نے بتایا کہ ضلع کے 30 پوائنٹس پر خصوصی فورس تعینات کی گئی ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی کی روک تھام کے لئے اسکول انتظامیہ کے ساتھ مل بیٹھ کر نگرانی کا موثر نظام بنایا جائے۔
مراد علی شاہ نے ہدایات کیں کہ پرائیوٹ سیکیورٹی ایجنسیز اپنے عملے کی تصدیق کرائیں اور کوئی نجی گارڈ اسلحہ لے کر نہ چلے۔