اسلام آباد: سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف جیل سے باہر آ جائیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری سے ان کی ملاقات ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔ زرداری نوازشریف سے ملاقات کا انکار کرچکے ہیں، اس سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ وقت کے ساتھ چیزیں بدل جاتی ہیں۔
دوسری جانب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کے درمیان آج ملاقات متوقع ہے جس کا اہتمام قائد حزب اختلاف نے کیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی ملاقات میں موجود ہوں گے۔ذرائع کے مطابق تینوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں موجودہ ملکی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع نے خبر دی ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں متوقع ملاقات کے دوران فوجی عدالتوں میں توسیع اور نیب قوانین میں ترامیم سے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔