ایون فیلڈ ریفرنس، فواد چوہدری نے عدالتی فیصلے کو درست قرار دے دیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے نواز شریف کے حق میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عملی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے کیونکہ ضمانت کی منسوخی کے لیے غیر معمولی وجوہات درکار ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون ایک اہم سیاسی جماعت ہے اور اب انہیں اپنی نئی قیادت منتخب کر لینی چاہیے کیونکہ نواز شریف کی سیاست ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت کو برقرار رکھتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست خارج کر دی ہے۔

مریم اورنگزیب

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم اس فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، مفروضوں پر مبنی کیس قانون کے کٹہرے میں زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کوئی بھی الزام ثابت نہیں کر سکی ہے۔ نواز شریف ہر امتحان میں سرخ روح ہوں گے کیونکہ اُن کی نیت صاف ہے اور اُن کے خلاف مس یوز آف اتھارٹی اور ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے اربوں روپے کے منصوبے لگائے ہیں لیکن بدترین مخالف بھی ایک روپے کی کرپشن کا الزام تک نہ لگا سکے اور نہ ہی شریف خاندان پہ سرکاری پیسوں کے خورد بُرد اور کرپشن کا ایک بھی الزام ثابت ہو سکا ہے۔

مریم اورنگزیب  نے کہا کہ نوازشریف اور شریف خاندان نے تین نسلوں اور تین دہائیوں کے ذاتی کاروبار کا حساب دیا ہے۔ انہوں نے نیک نیتی، ایمانداری اور دیانتداری سے ملک اور قوم کی خدمت کی ہے۔


متعلقہ خبریں