اسلام آباد:آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان آکر کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا کو مارچ میں تین میچز کے لیے مدعو کیا تھا۔
اس ضمن میں بات کرتے ہوئے ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی چاہتے ہیں لیکن ابھی ٹیم کا دورہ پاکستان ممکن نہیں۔ ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی سیکیورٹی سب سے زیادہ اہم ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پانچوں ون ڈے میچز یو اے ای میں ہوں گے۔ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
واضح رہے کچھ روز قبل آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی ہوگی وہاں موجود کرکٹ کے چاہنے والے بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز کا رخ کرتے ہیں تاہم دورہ پاکستان پر انہوں نے فیصلہ کرکٹ بورڈ پر چھوڑ دیا تھا۔
پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر آمادگی کا اظہار کیا تھا۔