کراچی: سیکرٹری داخلہ سندھ قاضی کبیر نے وفاقی کابینہ کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں نام ڈالنے کو سندھ ہائی کورٹ میں چینلج کردیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ 2013 میں کرپشن کا الزام لگا کر قومی احتساب بیورو(نیب) نے انکوائری شروع کی تھی جو پانچ سال مکمل بعد بھی مکمل نہیں کی جا سکی۔
وکیل بریسٹر فیضان میمن نے بذریعہ درخواست عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ قاضی کبیر کے خلاف نیب انکوائری معطل ہے۔ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار سیکرٹری داخلہ ہیں اور آفیشل ویزٹ کےلیے بیرون ملک آتے جاتے رہتے ہیں۔
درخواستگزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث دوشواریاں پیش آرہی ہیں، نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔
عدالت نے درخواست پر آئندہ ہفتے وکلا سے دلائل طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سیکرٹری داخلہ پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، جلد بازی میں نام کیسے نکالیں۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے ایف آئی اے کی سفارش پر 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے تھے جن پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا الزام تھا۔