نیب افسران کے نجی دوروں پر پابندی عائد

بدعنوانی سے پاک پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے، چیئرمین نیب

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: کوئی بھی قومی احتساب بیورو (نیب) افسران اب نجی دورہ نہیں کرسکے گا کیونکہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب افسران کے نجی دوروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

چیئرمین نیب نے افسروں کے پرائیویٹ  بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی، جس کےبعد صرف عمرہ ادائیگی کی اجازت ہو گی جبکہ اس بارے میں تمام ڈی جیز کو خط بھی ارسال کردیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق نیب افسران کے نجی دوروں پر پابندی عائد ہونے کے بعد نیب افسران صرف عمر ادائیگی کے لیے جاسکیں گے۔

چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ نیب کے تمام افسران ان ہدایات کو یقینی بنائیں۔

گزشتہ ماہ چیئرمین نیب نے اسلام آباد میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے اوپرکی گئی مخالفین کی تنقید کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے لیکن اگرادارے کو نشانہ بنایا گیا توبطورسربراہ جواب دیتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جو نیب میں سزا کی شرح سات فیصد بتاتے ہیں ان سے دعویٰ سے کہتا ہوں کہ ادارے میں سزا دلوانے کی شرح 70 فیصد ہے۔ اگر یہ بات غلط ثابت ہو تو خود گھر چلا جاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدعنوان آدمی چاہے اقتدارمیں ہو یا حزب اختلاف میں وہ جواب دہ ہے۔ کرپشن کے خاتمے میں نیب کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی شخص کا فیصلہ نہیں دیکھا صرف کیس دیکھتا ہوں۔


متعلقہ خبریں