پنجاب میں دل کے مریضوں کو پریشانی

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: محکمہ صحت پنجاب کی غفلت کے باعث اسٹنٹس نہ خریدے جا سکے۔ شہری مہنگے داموں اسٹنٹس خریدنے پر مجبور ہیں۔

پنجاب میں دل کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے اسٹنٹس کی خریداری کے لیے سینٹرل ریٹس کی منظوری نہ دینے کے باعث دل کے مریضوں کے لیے تاحال اسٹنٹس نہ خریدے جا سکے جب کہ سینڑل ریٹس کی منظوری کے لیے فائل ایک ماہ سے محکمہ صحت پنجاب میں پڑی ہوئی ہے۔

لاہور میں دل کے سب سے بڑے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) سمیت دیگر دل کے اسپتالوں میں بھی اسٹنٹس کا اسٹاک بالکل ختم ہوچکا ہے جس کی وجہ سے دل کے مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سینٹرل خریداری کے باعث سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ (ایم ایس) مریضوں کے لیے اسٹنٹس نہیں خرید سکے ہیں جس کی وجہ سے ایمرجنسی میں مریض مارکیٹ سے مہنگے داموں اسٹنٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔ جب کہ محکمہ صحت کی طرف سے اسٹنٹس کی خریداری پر تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے جا سکے ہیں۔

پنجاب میں پہلے ہی جان بچانے والی ادویات کی قلت ہے جس کے بعد اب اسٹنٹس کی بھی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق ادویات اور اسٹنٹس کی خریداری کے لیے 32 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے اور جلد ہی ادویات اور اسٹنٹس کی خریداری کے لیے اقدامات شروع کردیے جائیں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کے اسٹاک ختم ہونے کے معاملے کو چیک کرنے کے لیے جلد ہی خود جا کر پی آئی سی کا دورہ کروں گی۔


متعلقہ خبریں