سکھر میں مردہ مچھلیوں کی فروخت کا انکشاف



سکھر: سکھر میں مردہ اور مضر صحت مچھلیوں کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔

ماہی گیروں نے مچھلیوں کا آسانی سے شکار کرنے کے لیے  رائس نہر میں زہر ڈال دیا جس کے باعث بڑی تعداد میں مچھلیاں مرگئی ہیں اور انہیں مضر صحت مچھلیوں کو بازار میں سرعام فروخت کیا جانا انسانی جانوں کے لیے خطرے کا باعث بن رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں کی صفائی کا کام شروع ہونے پرمچھیروں نے پانی کی سطح کم دیکھی تو رائس نہر میں زہر ڈال دیا۔ زہر کے باعث ہزاروں مچھلیاں تڑپ تڑپ کر مرگئی ہیں۔

سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ ماہی گیروں کی جانب سے کیمکل زدہ مردہ مچھلیوں کو اکٹھا کرکے شہر بھر میں فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور مقامی افراد لاعلمی میں اپنے لیے کیمیکل زدہ مچھلیاں خرید رہے ہیں جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔

مقامی افراد کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ مچھیروں نے بیراج انتظامیہ کی ملی بھگت سے نہر میں مچھلیوں کو مارنے کے لیے کیمیکل ڈالا گیا  اور ہربار جب نہروں کی صفائی کا کام شروع ہوتا ہے، ماہی گیراسی عمل سے مچھلیاں پکڑ کرانسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔


متعلقہ خبریں