پشاور: فوارہ چوک کے قریب دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں ایک خاتون میں شامل ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق دھماکہ ایک گاڑی میں ہوا، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیواہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق خاتون سمیت دوزخمیوں کولیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغازکردیا ہے۔
وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق دھماکے کیلئے دھماکہ خیزمواد گاڑی میں رکھا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کا مقصد خوف وہراس پھیلانا ہے، حکومت اور سکیورٹی ادارے امن و امان کی صورت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور دشمن کی ہرایسی کوشش کی حوصلہ شکنی کریں گے۔