خوف ہے وزیر اعلیٰ سندھ کرپشن کے شواہد نہ مٹا دیں، خرم شیرزمان



کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ہمیں خوف ہے وزیر اعلی سندھ کرپشن کے شواہد نہ مٹا دیں۔

ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا سندھ میں حکومت نظر نہیں آرہی اگر صوبائی وزیراعلیٰ کا یہی رویہ رہا تو ہم انہیں چلنے نہیں دیں گے، آپ کو کام کرنا پڑے گا اور لوگوں کے مسائل حل کرنے ہوں گے۔

مراد علی شاہ کے استعفے سے متعلق سوال کا جواب دیتے انہوں نے کہا کہ ہم دودھ کی رکھوالی کیلئے بلے کو نہیں چھوڑ سکتے، استعفیٰ کا مطالبہ برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے عوامی شکایات کے حل کے لیے پورٹیل بنایا گیا تھا جس میں سندھ سے 19 ہزار شکایات درج ہوئیں اور صرف 19 سو کو حل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں مسائل حل ہوتے نظر نہیں آ رہے، وفاقی حکومت سندھ کو آگے لے جانا چاہتی ہے اور صوبائی حکومت سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے، ہم سندھ میں تعلیم اور صحت کے حوالے سے بھی تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

خرم شیر زمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں 11 سال سے شکایتی مرکز کام کر رہا ہے لیکن چیف سیکرٹری سندھ  نے شکایت کے ازالے کے لئے ابھی بھی 20 روز کا وقت مانگا ہے۔

ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب اور  خیبرپختونخوا میں ادارے عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں لیکن  سندھ میں ایسا نہیں ہو رہا۔


متعلقہ خبریں