مصباح اور یونس کے بغیر پہلا سال ٹیسٹ ٹیم کے لیے مشکل رہا، سرفراز احمد

فوٹو: فائل


قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سال 2018 میں پاکستانی ٹیم کی ٹی ٹوینٹی میں کارکردگی عمدہ رہی۔

سال 2018 میں ٹیم کی کارکردگی پر بیان دیتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ون ڈے فارمیٹ میں بھی ٹیم میں بہتری آئی، ون ڈے میں ٹیم ساتویں سے پانچویں نمبر پر آئی۔

سرفراز احمد نے پانچ روزہ فارمیٹ میں خاطرخواہ کامیابیاں نا سمیٹ سکنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ میں ٹیم کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان کے بغیر یہ پہلا سال تھا جس وجہ سے ٹیسٹ میں مشکلات کا سامنا رہا۔

انہوں نے قومی ٹیم کے بلے بازوں اور بالز کی جانب سے بنائے گئے ریکارڈز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2018 میں بابر اعظم پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ہزار رنز بنائے۔ فخر زمان نے سعید انور کا ریکارڈ توڑ کر 200 رنز بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ نے اسی سال تیز ترین 200 وکٹیں لے کر 82 سالہ پرانا ریکارڈ توڑا۔

کپتان کا کہنا تھا کہ 2018 میں کھلاڑیوں کی انفرادی اور پوری ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی۔

پاک جنوبی افریقا ٹیسٹ سیریز

واضح رہے پاکستان ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے دوران تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم چائے کے وقفےتک خاصی اچھی پوزیشن پر موجود تھی۔

پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 100 رنز اسکور کر لئے تھے جبکہ شاہینوں کو پروٹیز پر 58 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی۔

چائے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں امام الحق آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر کھڑا نہ رہ سکا اور یکے بعد دیگرے تمام بلے باز پویلین پہنچ گئے۔ نتیجتاً قومی ٹیم نے جیتا ہوا میچ میزبان ٹیم کو تحفتاً پیش کر دیا۔


متعلقہ خبریں