اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جب کہ ون ویلنگ یا ریس لگانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی اور اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔
اسلام آباد میں آتش بازی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر تمام گاڑیوں کی تلاشی لی جائے گی اور حساس مقامات اور بازاروں میں بھی اہلکار تعینات رہیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق شاپنگ مالز اور بڑے تجارتی مراکز میں ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات ہو گی جب کہ جنرل پوائنٹ ڈیوٹی کے علاوہ اسپیشل ناکے بھی لگائے جائیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ایس پی ٹریفک، تین ڈی ایس پیز، 21 انسپکٹرز سمیت 346 افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے جب کہ اسپیشل اسکواڈز بھی تشکیل دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں ون ویلنگ کرنے کرنے والوں، بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں، ہیوی بائیک اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کے لیے آٹھ انسپکٹرز سمیت 40 افسران ڈیوٹی دیں گے۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس فرخ رشید نے کہا ہے کہ شہریوں کا سکون ہرگز برباد کرنے کی اجازت نہیں دیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کراچی میں بھی نئے سال کی آمد کے موقع پر قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق ساؤتھ زون اور ساحلی مقامات پر تین ہزار دو سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ اسلحہ لے کر چلنے اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کراچی میں نیو ایئر نائٹ پہ سمندر میں نہانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ ون ویلنگ اور بغیر سائلنسر کی موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی پولیس کارروائی کرے گی۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی میں رینجرز نے بھی نیو ایئر نائیٹ پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور کرچی اور اندرونِ سندھ میں اسنیپ چیکنگ، موبائل پٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔