لاہور: پنجاب حکومت کے اندرونی اختلافات کے باعث صوبہ جنوبی پنجاب کا معاملہ لٹک گیا۔
ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب صوبے کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے جب کہ گزشتہ روز بہاولپور میں کابینہ اجلاس صرف عوام کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
جنوبی پنجاب صوبہ کے معاملہ پر بنائی گئی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ طاہر بشیر چیمہ اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر آمنے سامنے آگئے ہیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بہاولپور صوبہ بحالی پر ڈٹ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کی سفارشات کابینہ اجلاس میں ہی پیش نہ ہوسکیں جب کہ پنجاب حکومت اندرونی اختلافات کے باعث قرار داد تک اسمبلی میں پیش نہیں کر سکی ہے۔
پنجاب حکومت ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کو الگ یونٹ بنانے میں بیورو کریسی رکاوٹ بن گئی ہے جب کہ اب حکومت پنجاب نے معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اعلیٰ سرکاری افسران کا مؤقف ہے کہ انتظامیہ یونٹ کے طور پر ایک صوبہ میں دو دو انتظامی سربراہ کی قانون میں گنجائش نہیں ہے۔