حکومت نیب کو سیاسی ہتھیار کی طرح استعمال کر رہی ہے، خرم دستگیر


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر خان نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو توڑنے کے لیے نیب کو سیاسی ہتھیار کی طرح استعمال کر رہی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی نا اہلی اور ناکامی چھپانے کے لیے اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔ یہ لوگ الٹے پاؤں نئے سال میں داخل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزرا اپنے معاملات کے جوابات دینے کے بجائے اور ہی باتیں کر رہے ہیں، حکومت کی ساری توجہ انتقامی کارروائیوں کی طرف ہے۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ حکومت نے آتے ہی گیس کی قیمتیں بڑھائی، اس کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا، یہ حکومت کی نااہلی ہے۔

خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول چکے ہیں، انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ آگے کیا کرنا ہے۔

تحریک انصف سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت برداشت نہیں ہو رہی، شہلا رضا

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ ہم سندھ میں ہمیشہ سے کام کر کر رہے ہیں لیکن تحریک انصف سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت برداشت نہیں ہو پا رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت احتساب کی آڑ میں ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کو اس کا حق نہیں دیا جاتا جبکہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مستعفی ہونے سے صوبے میں کوئی آئینی بحران نہیں آئے گا، ہمایوں اختر

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے مستعفی ہونے سے صوبے میں کوئی آئینی بحران نہیں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں کوئی کبھی بھی اپنا عہدہ نہیں چھوڑتا، صرف تحریک انصاف نے یہ روایت قائم کی ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اپوزیشن کے رہنما پارلیمنٹ میں کیا کیا بیان نہیں دیتے، ملک میں جن چیزوں کے بحران ہیں وہ ہم نے پیدا نہیں کیے۔


متعلقہ خبریں