سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ قابض فوج نے مزید چار کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پلواما میں بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کی آڑ میں ہانجن پائین میں فائرنگ کر کے چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
بے گناہ کشمیریوں کے شہادت پر شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا۔ پُرامن شہریوں کے احتجاج کے دوران بھی بھارتی فوج نے آنسو گیس اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا۔ جس کی وجہ سے متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔
ضلع پلواما میں بھارتی دہشت گردی کے باعث شہری گھروں سے باہر نکل آئے ہیں اور بھارتی قابض فوج اور عوام کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ظالم بھارتی فوج کی جانب سے نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیر اعلانیہ کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا ہے جب کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی گزشتہ چند روز سے مسلسل بند ہے۔
گزشتہ روز بھی ضلع پلواما میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے اشفاق احمد وانی نامی نوجوان شہید ہو گیا تھا۔